بھٹکل 12 جولائی (ایس او نیوز) اتوار کو سیاحتی مقام مرڈیشور سمندر میں غرق ہوکر لاپتہ ہونے والے شکاری پور شموگہ کے رہنے والے منی کانت منجپا کی نعش آج صبح سمندر کنارے پائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ ساحلی کرناٹکا میں گذشتہ تین چار دنوں سے موسلادھار بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں ایک طرف ندیوں میں طغیانی آئی ہے تو وہیں سمندری لہروں میں بہت زیادہ اُچھال دیکھی جارہی ہے، مرڈیشور میں ویسے ہی احتیاطی اقدامات کے طور پر سیاحوں کو سمندر میں اُترنے کی اجازت نہیں ہے اور بعض جگہوں پر بورڈ بھی اویزاں کئے گئے ہیں ، مگر ان سب کے ب
اوجود دیگر اضلاع سے آئے ہوئے سیاح چوری چھپے سمندر میں اُترتے ہی ہیں اور بعض لوگ سمندر کی نذر ہوجاتے ہیں۔
اتوار کو بھی چوری چھپے تین لوگ مرڈیشور سمندر میں تیرنے کے لئے اُترے تھے جس کےدوران دو لوگ غرق ہوگئے تھے، ایک کی نعش کو اُسی وقت مقامی ماہی گیروں نے برآمد کرلی تھی جس کی شناخت منجوناتھ کی حیثیت سے کی گئی تھی جبکہ منی کانت نامی شخص لاپتہ ہوگیا تھا۔ پتہ چلا ہے کہ آج پیر صبح اس کی نعش مرڈیشور سی ویو ہوٹل کے قریب سمندر کنارے آکر لگی ہوئی پائی گئی۔
اطلاع ملتے ہی پولس نے نعش کو پوسٹ مارٹم کے لئے مرڈیشور سرکاری اسپتال منتقل کیا، جہاں ضروری کاروائیوں کے بعد نعش گھروالوں کے حوالے کی گئی ہے۔